Home / Pakistan / وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس: پاناما کیس کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس: پاناما کیس کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاناما کیس کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کئے جانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سپریم کورٹ کا فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں تمام قانونی و آئینی آپشنز استعمال کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ پر پورا اعتماد ہے، عدالت کے سامنے سر تسلیم خم کیا اور عدالت سے بہتر فیصلے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء اور مشیر شریک تھے تاہم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے اور وہ پنجاب ہاؤس میں معمول کی دفتر فائلیں نمٹارہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔
خیال رہے کہ جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی پاناما عملدرآمد بینچ نے 5 سماعتوں کے بعد آج فیصلہ محفوظ کرلیا۔
پاناما کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد بینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ پہلے ہی نااہلی کا معاملہ دیکھ رہے ہیں اور جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ گارنٹی دیتے ہیں وزیراعظم کی نااہلی کا جائزہ لیں گے جب کہ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی جانب سے 17 جولائی کو رپورٹ جمع کرانے کے بعد عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے آج کیس کی مسلسل پانچویں سماعت کی جس میں وزیراعظم کے بچوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل مکمل کیے۔
اسحاق ڈار کے وکیل طارق حسن نے بھی دوسری مرتبہ اپنے دلائل مکمل کیے جب کہ تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے جواب الجواب دیا اور شیخ رشید نے جوابی دلائل دیئے۔
جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعتیں کیں۔

 

Check Also

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور کے سلسلے میں شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد …

Translate »