Breaking News
Home / Sports / ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹاکرا آج ہوگا

ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹاکرا آج ہوگا

طویل انتظار کے بعد پاکستان سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا آغاز آج سے ہونے جارہا ہے اور ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹاکرا ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شام 7 بجے دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی جب کہ شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھیں گے۔
دونوں ٹیموں کو نجی ہوٹل سے گراؤنڈ لانے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں جب کہ میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کو کڑی چیکنگ کے بعد گراؤنڈ کے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم کے باہر اور مختلف مقامات پر جگہ جگہ خیر مقدمی بینرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جب کہ گراؤنڈ کے آہنی دروازے پر کھلاڑیوں کی تصویروں والے بل بورڈز بھی لگائے گئے ہیں۔
گراؤنڈ کے اندر آزادی کپ کی افتتاحی تقریب کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور کھلاڑیوں کے گراؤنڈ میں چکر لگانے کے لئے خصوصی رکشے بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچا دیے گئے ہیں۔
ورلڈ الیون میں شامل سیموئل بدری نے بھی لاہور پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیا جس کے بعد مہمان ٹیم کا 14 رکنی اسکواڈ مکمل ہوگیا۔
مہمان کھلاڑیوں نے صبح اٹھ کر ہلکی ورزش کی جس کے بعد انہوں نے ہوٹل کے ریستوران میں بھرپور ناشتہ کیا۔
قومی کرکٹرز بھی میدان میں اترنے سے قبل پرجوش ہیں اور نوجوان کھلاڑی بابر اعظم اور عماد وسیم بھی بال کٹوانے کے لئے ہوٹل میں ہی قائم پارلر پہنچ گئے جہاں انہوں نے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ٹاکرے کے لئے 12 کھلاڑیوں کو فائنل کرلیا تاہم حتمی 11 کھلاڑیوں کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
قومی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، بابراعظم، فخر زمان، احمد شہزاد، شعیب ملک، عماد وسیم، عمر امین، عامر یامین، محمد نواز، حسن علی، عثمان شنواری اور سہیل خان شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں اور وہ ٹیم کا حصہ نہیں۔
ورلڈ الیون کا 14 رکنی اسکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ڈیوڈ ملر، مورنی مورکل، عمران طاہر، ٹم پین، جارج بیلی، گرانٹ ایلیٹ، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، تمیم اقبال، ڈیرن سیمی اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیرمین ششانک منوہر نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کو اپنے ملک میں کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے کا موقع ملے گا اور وہ پرامید ہیں کہ پاکستان میں آج کا دن عالمی کرکٹ کی بحالی کا دن ہوگا۔
آج ہونے والے ٹاکرے سے قبل مہمان ورلڈ الیون کی ٹیم نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔ کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔

Check Also

اگلی بارکراچی میں بین الاقوامی میچ ضرور ہوگا، مئیر کراچی وسیم اختر

اگلی بار کراچی میں بین الاقوامی میچ ضرور ہوگا، مئیر کراچی وسیم اختر

کراچی: مئیر کراچی وسیم اخترنے دعوی کیاہےکہ اگلی بارکراچی میں بین الاقوامی میچ ضرور ہوگا۔ …

Translate »