Home / Pakistan / نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی یاد میں آج ملک بھر میں 7 محرم الحرام کے جلوس

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی یاد میں آج ملک بھر میں 7 محرم الحرام کے جلوس

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کی یاد میں ملک بھر میں آج 7 محرم الحرام کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔

آج ملک بھر میں 7 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس نکالے جارہے ہیں اورشہدائے کربلا کی یاد میں جگہ جگہ مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے جب کہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں بھی آج 7 محرم الحرام کی مناسبت سے نشتر پارک میں مجلس عزا برپا کی جائے گی جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔
شہر میں مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور رات سے نشتر پارک سے حسینیہ ایرانیاں تک جانے والے راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
صدر ایمپریس مارکیٹ، جامع کلاتھ، گارڈن اور ٹاور کی طرف سے ایم اے جناح روڈ پر آنے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
حیدرآباد شہر میں بھی مختلف مقامات سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں اور اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری جلوسوں کے راستوں پرتعینات ہے۔
کوئٹہ میں 7 محرم کا جلوس پرنس روڈ پر امام بارگاہ کلاں ہزارہ سے برآمد ہوگا جو میکانگی روڈ پر امام بارگاہ ناصرالعزاء پراختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے راستوں کو خاردار تاریں، قناتیں اوررکاوٹیں لگا کربند کردیا گیا ہے جب کہ جلوس کے روٹ پر تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بھی سیل ہیں۔
کوئٹہ میں جلوس کے روٹ پرایف سی، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے 6 ہزارسے زائد اہلکار تعینات ہیں۔
راولپنڈی میں صادق آباد اور نیا محلہ چوک سے نکلنے والا جلوس قدیمی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، ایلیٹ فورس کو جلوس کی آمد سے قبل راستوں کو کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں اور جلوس کی گزرگاہ کے اطراف راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز سے بند کیا گیا ہے۔
جلوس کی سیکیورٹی کے لیے ایس پیز سمیت 1720 پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے جب کہ خواتین پولیس اہلکار بھی جلوس کی حفاظت کیلیے ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔
چکوال میں 7 محرم الحرام کاجلوس امام بارگاہ سرپاک سے برآمد ہوگا جو مغرب کے وقت امام بارگاہ مہاجرین سادات پرختم ہوگا۔
شہر بھر میں 7 محرم الحرام کی مناسبت سے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور رات 12 بجے سے موبائل فون سروس بند ہے۔
سرگودھا میں مرکزی جلوس شام کے اوقات میں کوٹ فرید پنچ پیرسے نکالا جائے گا جس کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے جب کہ شہر میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کیا جارہا ہے۔
راجن پور میں 7 محرم کی مناسبت سے 67 مجالس اور 46 جلوس برآمد ہوں گے جن کی سیکیورٹی کے لیے 1300 سے زائد پولیس اہلکار و افسران ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

Check Also

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور کے سلسلے میں شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد …

Translate »