Home / Pakistan / مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عبوری وزیراعظم کے لیے نامزد شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عبوری وزیراعظم کے لیے نامزد شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

شاہد خاقان عباسی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے پارلیمنٹ سیکریٹریٹ پہنچے جہاں مشاہد حسین سید، سردار یوسف، خواجہ آصف، طارق فضل چوہدری، سائرہ افضل تارڑ اور دیگر (ن) لیگ کے رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شاہد خاقان عباسی کے کاغذات میں اعجاز الحق اور غلام بی بی بھروانہ تجویز اور تائید کنندگان ہیں۔
کاغذات جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ (ن) لیگ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی جب کہ جمعہ کو پونے بارہ بجے تک جو حکومت کی پالیسیاں تھیں وہی جاری رکھی جائیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کابینہ میں وہی لوگ شامل ہیں لیکن اس کا حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ہماری حکومت کی ترجیحات تھیں وہی میری بھی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ مشاورت سے بنتی ہے اس فیصلہ پارٹی کرتی ہے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہی یہ فیصلہ کرے گی جس میں میری مشاورت شامل ہوگی جب کہ کابینہ کا فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری لیڈر شپ نے ہمیں شائستگی کا سبق دیا، عوام فیصلہ کریں گے کہ ان کی زبان درست ہے یا ہماری۔
شاہد خاقان نے مزید کہا کہ وزیراعظم آئینی طریقہ کار سے بنتا ہے، پٹیشنز کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ہر قسم کی فضول پٹیشنز کرنے کی روایت پڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں 30 سال سے اسمبلی میں ہوں اور 20 سے 22 بار اثاثوں کی تفصیلات دی ہیں، میرے اثاثوں سے متعلق جس کو شک ہو تو وہ درخواست دائرکرسکتا ہے، میں بغیرکسی وکیل کے اس درخواست کا جواب دوں گا۔
واضح رہے کہ پاناما کیس میں نوازشریف کی بطور وزیراعظم نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم نامزد کیا ہے جب کہ عبوری مدت مکمل ہونے کے بعد شہبازشریف مستقل وزیراعظم ہوں گے۔

Check Also

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور کے سلسلے میں شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد …

Translate »