Home / Pakistan / متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا

اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آج قومی اسمبلی میں ہونے والے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی نااہلی کے بعد ایک بار پھر اپنا وزیر اعظم لانے کے لیے مسلم لیگ ن کی مختلف سیاسی جماعتوں سے گفت و شنید جاری ہے۔
اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے کی گئی ملاقات کامیابی سے ہمکنار ہوئی اور ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں شاہد خاقان عباسی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
میئر کے اختیارات دلوانے کا مطالبہ
ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کراچی پیکیج کے فوری اعلان، بند دفاتر واپس دلوانے، اور میئر کو اختیارات دلوانے میں وفاق کے کردار کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن شپ تمام سیاسی جماعتوں سے ہے۔ گلے شکوے بہت زیادہ ہیں لیکن ن لیگ سے تعلقات بھی ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ میں بدترین حکمرانی رہی، کرپشن اور لوٹ کا بازار گرم ہے۔ بدعنوانی،کرپشن اور زمینوں کی بندر بانٹ کے نئے ریکارڈ بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں سے 65، 70 فیصد ریوینیو وفاق کو آتا ہے، دیہی کے نام پر ٹیکس لگتا ہے لیکن آخر میں انہیں بھی کچھ نہیں ملتا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے صرف ساڑھے 12 ارب روپے کا اعلان کافی نہیں۔ کراچی میں 4 بار آپریشن ہوا لیکن کوئی پیکج نہیں دیا گیا۔ ’صوبائی خود مختاری کا بہانہ پہلے کام آتا تھا لیکن اب ایک طرف رکھ دیا گیا۔ بامعنی بات وہ ہوگی مسائل تب حل ہوں گے جب اختیارات ملیں گے‘۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں انفرا اسٹرکچر پر پوری توجہ دی جائے۔ 45 دنوں میں اندازہ ہوجائے گا کہ کیا کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنیں۔ مسائل حل کرنے کی ذمہ داری وفاق کی ہے۔ صوبہ مسائل حل نہیں کر رہا تو ہدایت کی ذمہ داری بھی وفاق کی ہے۔
سندھ کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وہ خالد مقبول، فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کراچی پیکج جلد دیا جائے گا اور سندھ کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کی 24 نشستیں ہیں۔ 342 ارکان کے ایوان میں وزیر اعظم کو 172 ووٹ درکار ہیں۔

 

Check Also

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور کے سلسلے میں شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد …

Translate »