Home / Pakistan / لاہور خودکش حملے کے بعد فضا سوگوار: شہدا کی تدفین آج ہوگی

لاہور خودکش حملے کے بعد فضا سوگوار: شہدا کی تدفین آج ہوگی

فیروز پور روڈ خودکش حملے کے بعد لاہور کی فضا سوگوار ہے جب کہ واقعے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔

فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملے میں 9 پولیس اہلکاورں سمیت 26 افراد شہید اور 58 زخمی ہوگئے تھے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور مبینہ حملہ آور کے سر کےبال اور جلد فارنزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بجھوا دیئے گئے ہیں۔
لاہور خودکش حملے کے شہید خرم نذیر کی نماز جنازہ بورے والا میں ادا کردی گئی جس میں ڈی سی وہاڑی سمیت سول و پولیس حکام نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اتفاق اسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرعلاج دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے دھماکے کے زخمیوں کو گلدستے بھی بھجوائے گئے۔
دھماکے کے 54 زخمی اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جنرل اسپتال میں 35، جناح میں 13، اتفاق اسپتال میں 5 اور سروسز اسپتال میں ایک زخمی زیر علاج ہے۔
وزیراعظم نواز شریف، سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے لاہور خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔
واضح رہےکہ 13 فروری کو بھی لاہور میں دہشت گردی کی کارروائی ہوئی تھی جس میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی آپریشنز زاہد گوندل سمیت 13 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوگئے تھے۔

Check Also

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد

یوم عاشور کے سلسلے میں شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد …

Translate »