Home / news / جے آئی ٹی کی تیسری رپورٹ جمع، عید پر بھی تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان

جے آئی ٹی کی تیسری رپورٹ جمع، عید پر بھی تحقیقات جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد : پاناما جے آئی ٹی نے تیسری پیشرفت رپورٹ میں ایس ای سی پی کی شکایت کردی، جسٹس شیخ عظمت نے ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے سربراہان کو کمال کا اداکار قرار دیدیا جبکہ جے آئی ٹی چیف کی تبدیلی کیلئے عدالت میں درخواست بھی دائر کردی گئی۔
عید کی چھٹیوں میں بھی پاناما جے آئی ٹی تفتیش جاری رکھے گی، ٹیم چیف نے بتا دیا، اس سے قبل جے آئی ٹی نے تیسری پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔

دوران سماعت عدالت نے کہا تصویر لیک میں ملوث افراد کا نام اور رپورٹ منظر پر لانے پر کیا حکومت کو اعتراض ہے؟، اٹارنی جنرل ہدایت لے کر بتائیں۔

جے آئی ٹی چیف واجد ضیاء نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ ایس ای سی پی نے ابھی تک مکمل ریکارڈ نہیں دیا، عدالت نے تمام درکار دستاویزات کی فہرست طلب کرلی، ایف بی آر کو بھی تمام دستاویزات پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

جسٹس اعجاز افضل نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا ریکارڈ ٹیمپرنگ کی انکوائری میں کتنا وقت لگے گا؟، اشتر اوصاف نے جواب دیا دستاویزات کی فہرست دیں، پوری کوشش کروں گا مناسب جواب ملے، زوقت نہیں لگے گا، صرف ریکارڈ کا جائزہ لینا ہے۔

دوران سماعت پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری نے کہا ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے کے سربراہ مستقل نہیں، جس پر جسٹس شیخ عظمت نے ریمارکس دیئے کہ تینوں ڈی جیز اچھی ایکٹنگ کررہے ہیں۔

ساتھ ہی خبردار کردیا کہ تعاون نہ کرنے کے منفی نتائج برآمد ہوں گے، عدالت نے جے آئی ٹی کو کام بروقت مکمل کرکے حتمی رپورٹ 10 جولائی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دوسری جانب وحید کمال نامی شہری نے جے آئی چیف کی تبدیلی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست بھی دائر کردی۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے واجد ضیاء تحقیقات، احتساب اور ریکوری کیلئے سنجیدہ نہیں، ان پر شریف برادران سے جانبدارانہ رویے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

Check Also

محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں موبائل سروس بند

محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں موبائل سروس بند

کراچی/ بہاولنگر/ کوئٹہ/ لاہور/ فیصل آباد: محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت …

Translate »