Breaking News
Home / Sports / جاوید میانداد کو سالگرہ مبارک

جاوید میانداد کو سالگرہ مبارک

کراچی : نامورسابق کرکٹرجاوید میاندادآج زندگی کی60 ویں سالگرہ منار ہے ہیں‘ کرکٹ کے جنون نے انہیں عالمی شہرت یافتہ افراد کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ نازعظیم بلے باز جاوید میانداد کی آج60 ویں سالگرہ ہے،جاوید میانداد 12 جون 1957ء کوکراچی میں پیدا ہوئے، عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین کا دور 1975ء سے لے کر 1996ء پر محیط ہے ‘ وہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔

چاہے وہ انیس سو چھیاسی میں شارجہ کا چھکا ہو یا عالمی کپ 1992ء کے سیمی فائنل اور فائنل ان مقابلوں کو بھلا کون سا پاکستانی بھول سکتا ہے، میانداد نے انیس سو چھیاسی میں شارجہ میں ایک بڑا کارنامہ انجام دیا کہ وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے، بھارت کے خلاف شارجہ کپ کے فائنل میچ میں آخری بال پر چھکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔

لیجنڈ بیٹسمین نے انیس سو بانوے کے ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، 1976میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، پہلے ہی میچ میں ایک163رنز کی اننگز نے انہیں پاکستانی مڈل آرڈر کا لازمی حصہ بنا دیا۔

جاوید آٹھ ہزارآٹھ سوبتیس رنز بناکر پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ بلے بازوں میں سے ایک ہیں، انہوں نے تئیس سنچریز اور تینتالیس ففٹیز بنائیں، دوسو تینتیس ایک روزہ میچوں میں انہوں نے سات ہزار تین سو اکیاسی رنز چھ سنچریز اور پچاس ففٹیز کی مدد سے بنائے۔

طویل عرصے تک ٹیسٹ میچ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز جاوید میانداد کا نام تھا جسے یونس خان نے دس ہزار رنز بنا کر توڑا۔

جاوید میانداد کا اہم ترین اعزاز یہ ہے کہ انہوں نے کرکٹ کے چھ ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کی ہے، دنیا بھر میں یہ اعزاز ابھی تک کسی کرکٹر کو حاصل نہیں ہو سکا، پاکستانی ٹیم کے سب سے کم عمر کپتان کا سہرا بھی جاوید میانداد کے سر ہے۔

انہوں نے انیس چھیانوے کے عالمی کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔

جاوید میانداد نے دو بار پاکستانی ٹیم کی کوچنگ سنبھالی لیکن بطور بیٹسمین وہ جتنے کامیاب تھے، کوچنگ میں ویسی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔

Check Also

کرس گیل کی انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شرکت مشکوک

کرس گیل کی انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شرکت مشکوک

لندن: جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپننگ بیٹسمین کرس گیل کی فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ …

Translate »