Home / Sports / بھارت کو 180 رنز سے شکست، پاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

بھارت کو 180 رنز سے شکست، پاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

اوول: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فخر زمان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ حسن علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل کے لیے پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو مقررہ اوور میں 339 رنز کا ہدف دیا تھا، ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم صرف 158 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا، بیٹنگ کے بعد شاہینوں نے باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محمد عامر اور حسن علی نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ شاداب خان نے 2 اور جنید خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایوارڈ تقریب

فخر زمان کو مین آف دی میچ جبکہ حسن علی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا، اس موقع پر حسن علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ لمحہ بہت اہم ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا، اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا کی اس پر اُس کا شکرگزار ہوں۔۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹرافی سے قبل جیت کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے شکست کے بعد لڑکوں کو کہا کہ ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا آئندہ میچوں میں اچھی کارکردگی سے ہم ایونٹ اپنے نام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکوں نے اچھی کارکردگی دکھائی محمد عامر سمیت تمام نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی وجہ سے پاکستان کو فتح کا سہرا نصیب ہوا، اچھی کرکٹ کھیلی تو آج ہم چیمپئن بن گئے، دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں نے ہماری فتح کے لیے دعا کی اُن تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، انہوں نے کھیل کے ہرشعبے میں آؤٹ کلاس پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور آج کے میچ میں ہماری کارکردگی مایوس کن رہی۔

Check Also

کرس گیل کی انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شرکت مشکوک

کرس گیل کی انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شرکت مشکوک

لندن: جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپننگ بیٹسمین کرس گیل کی فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ …

Translate »