Home / Business / اقتصادی ترقی سےعوام کوبااختیاربنانےپرپختہ یقین ہے

اقتصادی ترقی سےعوام کوبااختیاربنانےپرپختہ یقین ہے

!اقتصادی ترقی سےعوام کوبااختیاربنانےپرپختہ یقین ہے

ہانگ ژو : وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ اقتصادی ترقی کے ذریعے عوام کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور وہ چھوٹے کاروبار کو عالمی سطح تک لے جانے میں معاون ذریعے کے طور پر ملک میں ای کامرس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
منگل کو چین کے سب سے بڑے ای کامرس پورٹل ”علی بابا“ کی طرف سے پاکستان میں ای پلیٹ فارم کے قیام کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدام ملک میں روزگار پیدا کرنے میں معاون ہوگا۔ وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے ای کامرس کو عمل انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشرے کے پسماندہ طبقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کو وسعت دینے اور عالمی منڈیوں تک پہنچنے کے لئے چھوٹے کاروبار کے لئے ڈیجیٹل لین دین ایک موثر ذریعہ ہے۔ وزیراعظم نے علی بابا کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما سے رواں سال جنوری میں ڈیووس میں ملاقات کے بعد ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ چینی عوام کی ترقی کے لئے مذکورہ کمپنی کے کردار کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں علی بابا کے ای پلیٹ فارم کے قیام کے عزم پر جیک ما کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دفتر کو اس ضمن میں باضابطہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجہ میں چار ماہ کے اندر ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علی بابا گروپ جلد از جلد پاکستان میں منصوبے کا آغاز کرے گا۔ جیک ما جو آن لائن ٹریڈ اور موبائل ادائیگیوں میں اپنی کامیابیوں کے باعث مشہور ہیں،ان کاکہناتھاکہ ای کامرس ابھرتی ہوئی منڈیوں میں مواقع حاصل کرنےکےلئے بہت زیادہ صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کے لئے ای کامرس کا مستقبل بہت روشن ہے۔ آجکل اس قسم کے مزید ادارے میدان میں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کے ای کامرس کے شعبہ کی ترقی پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ چھوٹے درجے کی صنعتوں کی مدد کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علی بابا گروپ دنیا بھر میں 60 ملین کمپنیوں کو سہولت دے رہا ہے۔ پاکستان سے تقریباً 3 لاکھ صارفین نے لین دین اور کمپنی کی خدمات کے لئے علی بابا کے ساتھ معاہدے کئے ہیں۔
جیک ما نے پاکستان میں چھوٹے کاروباری اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی عالمی شہرت یافتہ مصنوعات خاص طور پر فٹ بال اور ہمالیائی گلابی نمک قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی یعنی نوجوانوں پر خصوصی توجہ دے کر قومی معیشت کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں قریبی اشتراک کار ”آئرن برادرز کو گولڈن برادرز میں“ تبدیل کر سکتا ہے۔

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان دیکھا گیا۔ کاروبار کے دوران …

Translate »