Home / news / آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد

آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد

اسلام آباد : اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے رکھنے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، جب کہ کٹہرے میں کھڑے اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد اب ٹرائل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی، احتساب عدالت کے جج محد بشیر نے فرد جرم کے کلمات عدالتی کمرے میں پڑھ کر سنائے۔
ریفرنس کی باقاعدہ سماعت کے دوران قومی احستاب بیورو (نیب) کی جانب سے 16گواہان کی فہرست جمع کرائی گئی جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے حاضری سے استسنیٰ کی درخواست دی، جس کی نیب نے مخالفت کی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت پہنچے تو رش کی وجہ سے عدالت کے احاطے کا گیٹ بند تھا ، جس کے باعث وہ عدالت میں داخل نہیں ہوسکے اور انہیں واپس اپنی گاڑی میں بیٹھ کر انتظار کرنا پڑا تاہم کچھ دیر بعد وہ عقبی دروازے سے عدالت پہنچے۔

اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، میڈیا کے نمائندوں اور سائلین کو بھی عدالت کے باہر ہی روک دیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی آج چوتھی سماعت ہے،عدالت نے 25 ستمبر کی گزشتہ سماعت پر ملزم کو 23 جلدوں پر مشتمل ریفرنس کی نقول فراہم کر کے وصولی کی رسید پر دستخط کرائے تھے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کٹہرے میں کھڑے رہے، فرد جرم عائد ہونے پر ملزم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا، اسحاق داڑ کا کہنا تھا کہ “میں بے گناہ ہوں”۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ “میں نے کوئی جرم نہیں کیا”۔
اس کے بعد عدالت نے ملزم کے وکیل کی جانب سے ریفرنس کے جائزے کے لیے کم از کم 7 دن دینے کی استدعا مسترد کردی تھی اور فرد جرم عائد کرنے کیلئے آج کی تاریخ مقرر کی تھی۔ وزیرخزانہ کے خلاف نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھےاور ان سب کا ٹرائل کرپشن الزامات کے تحت کیا جائے گا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فرد جرم عائد ہونے پر اسحاق ڈار کو گرفتار نہیں کیا جائے گا، عدالت میں اسحاق ڈار کی جانب سے مزید 50 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرادیئے گئے ہیں۔

Check Also

محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں موبائل سروس بند

محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں موبائل سروس بند

کراچی/ بہاولنگر/ کوئٹہ/ لاہور/ فیصل آباد: محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت …

Translate »