Home / Business / آئندہ بیس سال کے دوران دنیا بھر میں تیل کی پیداوار میں غیر معمولی اضافے کا امکان

آئندہ بیس سال کے دوران دنیا بھر میں تیل کی پیداوار میں غیر معمولی اضافے کا امکان

واشگنٹن : امریکا میں توانائی انفارمیشن ایجنسی کی طرف سے جاری پیپر کے مطابق آئندہ بیس سال کے دوران دنیا بھر میں تیل کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سال 2040 تک تیل کی طلب اور پیداوار میں اضافے کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کو تیل کی پیداوار میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔
امریکی وزارت پیٹرولیم کے زیرانتظام انرجی انفارمیشن ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2040 تک دنیا بھر میں تیل کی کھپت میں 26 فی صد اضافے کا امکان موجود ہے۔
ایشیا اور افریقا کے ممالک میں تیل کی طلب میں 41 فی صد تک اضافہ متوقع ہے۔ ایشیائی اور افریقی ممالک میں اقتصادی شرح نمو میں اضافے کے باعث تیل کی طلب بڑھ جائے گی۔ امریکی توانائی ایجنسی کی رپورٹ حالیہ برسوں کے دوران سامنے آنے والے اعدادو شمار سے کافی حد تک قریب ہے۔
ماضی قریب میں سامنے آنے والی رپورٹس میں بھی کہا گیا تھا کہ ایشیا میں بھارت اور چین نے بڑے پیمانے پر پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال کیا جس کے باعث سنہ 2000 کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالربیرل تک جا پہنچی تھی۔
اگر ڈالر افراط زر کا شکار ہوا یا اس کی قدر میں کمی ہوئی تو فی بیرل تیل کی قیمت 130 ڈالر تک جاسکتی ہے۔ دوسرا منظر نامہ یہ ہے کہ تیل کی پیداوار اور کھپت کے ساتھ عالمی منڈی میں اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری رہا تو موجودہ قیمت میں چار گنا اضافہ یعنی فی بیرل تیل 225 ڈالر تک جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آنے والے برسوں میں تیل کی طلب میں اضافے کے باعث مشرق وسطی کے تیل پیدا کرنے والے ممالک کے تیل کی پیداوار بڑھ سکتی ہے۔
بالخصوص اوپیک کے رکن سعودی عرب کے تیل کی پیداوار میں اچھا خاص اضافہ متوقع ہے۔ اس وقت مشرق وسطی کے ممالک یومیہ 25 ملین بیرل تیل فراہم کررہے جب کہ 2040 تک یہ پیداوار 33 ملین بیرل یومیہ تک جا سکتی ہے۔

Check Also

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان دیکھا گیا۔ کاروبار کے دوران …

Translate »